ٹیم کو مضبوط بنانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل مزاجی لانا ہو گی، وسیم اکرم

ٹیم کو مضبوط بنانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل مزاجی لانا ہو گی، وسیم اکرم

لاہور: ماضی کے مایہ ناز  فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس میں مستقل مزاجی کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، کارکردگی میں تسلسل اسی وقت آئے گا جب ہم ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں سرمایہ لگائیں گے۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار میں کمی اور خامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بنے ہوئے 70 سال ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک ہمارے ہاں ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کا مناسب ڈھانچہ موجود نہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو مستقل مزاجی کے ساتھ اس طرح کی کارکردگی دکھانے کا سلسلہ جاری رکنا چاہیے۔