قطر نے اٹلی کو چار جنگی بحری جہازوں کا آرڈر دے دیا

قطر نے اٹلی کو چار جنگی بحری جہازوں کا آرڈر دے دیا

دوحہ:سعودی عرب اور اس کے اتحادی چند عرب ملکوں کے ساتھ قریب دو ماہ سے تنازعے کی شکار خلیجی ریاست قطر نے یورپی ملک اٹلی کو چار جنگی جہازوں سمیت سات بحری جہازوں کی خریداری کا پانچ ارب یورو مالیت کا آرڈر دے دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ یہ سمجھوتہ قطر اور اٹلی کے مابین دفاعی شعبے میں تعاون کا حصہ ہے۔

جس کے تحت اب روم اور دوحہ کے مابین سات بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔اس معاہدے کا اعلان قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے دوحہ میں اطالوی ہم منصب انجیلینو الفانو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اس مشترکہ بات چیت سے قبل دونوں وزراءنے آپس میں ایک ملاقات بھی کی، جس میں قطر اور اس پر پابندیاں عائد کرنے والی چار عرب ریاستوں کے مابین تنازعے کے خاتمے کے موضوع پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

اس موقع پر شیخ محمد نے کہاکہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ قطر اور اٹلی کے مابین عسکری شعبے میں تعاون کے تحت ایک ایسا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد اٹلی قطر کی نیوی کو سات بحری جہاز مہیا کرے گا۔

قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ دفاعی شعبے میں اس دوطرفہ معاہدے کی مالیت قریب پانچ ارب یورو بنتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس سے زیادہ کوئی تفصیلات نہ بتائیں اور یہ بھی واضح نہ کیا کہ اس معاہدے میں اٹلی کے کون کون سے ادارے شامل ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں