پاکستان بھارت آبی تنازع پر مذاکرات کیلئے راضی ہوگئے

پاکستان بھارت آبی تنازع پر مذاکرات کیلئے راضی ہوگئے

واشنگٹن: عالمی بینک کے مطابق پاکستان اور بھارت آبی تنازع پر مذاکرات کیلئے آئندہ ماہ ملاقات کریں گے، اس حوالے سے دونوں ممالک نے جذبی خیر سگالی اورتعاون کا مظاہرہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں واقع عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹر میں دو روزہ مذاکرات منعقد ہوئے جس میں عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کی مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدے کے تکنیکی معاملات پر خیرسگالی اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ سیکریٹری سطح کے مذاکرات منعقد ہوئے۔
اعلامیے میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ دونوں فریقین بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر رضا مند ہیں جنہیں آئندہ ماہ ستمبر میں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔پاکستان نے عالمی بینک سے درخواست کی تھی کہ بھارت کی طرف سے شروع کردہ مختلف ہائیڈرو پاور بروجیکٹ کے حوالے سے اس کے خدشات پر ایک ثالثی عدالت قائم کی جائے جبکہ بھارت کا اس معاملے میں کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی جانچ کے لیے غیر جانبدار ماہرین کا تقرر کیا جائے۔دونوں ممالک کی ان درخواستوں کے بعد سلسلہ وار دو طرفہ مذاکرات ہوئے جو بے نتیجہ ختم ہوئے۔
اس حوالے سے عالمی بینک کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دونوں فریقین کی درخواست کو پوری کرنے کی کوشش کرے گا ۔