شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید
کیپشن: شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچا دیا گیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا

بنوں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار شہید جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔رزمک میں ملکان چیک پوسٹ پر نامعلوم سمت سے دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔

شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ شہید اہلکاروں میں نائیک عبدالجبار، سپاہی آصف اور سپاہی نظام الدین شہید شامل ہیں جبکہ سپاہی محمد اسماعیل گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوئے۔

خیال رہے گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 6 جوان جبکہ بلوچستان میں ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے تھے۔