بے نامی اثاثوں کی معلومات، آئی ایس آئی سمیت 6 اداروں کے افسران کی کمیٹی قائم

بے نامی اثاثوں کی معلومات، آئی ایس آئی سمیت 6 اداروں کے افسران کی کمیٹی قائم
کیپشن: کمیٹی بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے تحت عمل میں لائی گئی، ذرائع۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: حکومت نے بے نامی اثاثوں کی معلومات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی۔ وفاقی کابینہ نے 6 رکنی بے نامی انفارمیشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی جو جے آئی ٹی کی طرز پر بنائی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے تحت عمل میں لائی گئی جس میں آئی بی، آئی ایس آئی، ایف آئی اے، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے گریڈ 18 اور 19 کے افسران کو شامل کیا گیا ہے جو اپنے دفاتر میں رہ کر کام کریں گے جب کہ نیشنل کوآرڈینیٹر نوشین جاوید امجد کمیٹی کی سربراہ ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی بے نامی اثاثوں کی معلومات اکٹھی کر کے متعلقہ حکام کو فراہم کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی بے نامی قوانین پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی اور حکام کی کارکردگی کو موثر بنانے میں بھی سہولت کاری کرے گی۔