نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی انوار الحق نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی انوار الحق نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
سورس: فائل فوٹو

مظفر آباد: آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر انوار الحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر انوار الحق سے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر نے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب آزاد جموں کشمیر اسمبلی میں ہوئی۔ اپنا حلف اٹھانے کے بعد نئے اسپیکر انوار الحق نے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر سے بطور رکنِ اسمبلی حلف لیا۔

نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری انوار الحق کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے۔

اس سے قبل آج صبح آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا جس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا تھا، شاہ غلام قادر نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے 49 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا جبکہ 3 اراکین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔

مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان، پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور چوہدری یاسین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہ حلف اٹھانے سے رہ گئے۔