پنجاب اسمبلی، ارکان اسمبلی استحقاق تر میمی ایکٹ 2021 دوبارہ منظور

پنجاب اسمبلی، ارکان اسمبلی استحقاق تر میمی ایکٹ 2021 دوبارہ منظور
کیپشن: پنجاب اسمبلی، ارکان اسمبلی استحقاق تر میمی ایکٹ 2021 دوبارہ منظور
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی استحقاق ترمیمی ایکٹ 2021 دوبارہ منظور کر لیا۔ ایوان میں بل رکن پنجاب اسمبلی ساجد بھٹی نے پیش کیا۔

پنجاب اسمبلی نےاستحقاق ایکٹ ترمیمی بل 14 جولائی کو منظور کیا تھا۔ گورنر پنجاب نے مذکورہ بل پر23 جولائی کو متعدد اعتراضات عائد کر کے اسمبلی کو واپس بھجوایا تھا۔

پرائیویٹ ممبر ڈے پر بل پنجاب اسمبلی آج ایوان میں دوبارہ پیش کیا گیا اور تمام اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر بل کی منظوری دے دی۔ اب آئینی طور پر گورنر کے بل پر دستخط ضروری نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق  پنجاب اسمبلی براہ راست گزٹ نوٹی فکیشن کے لیے منظور شدہ بل بھیج سکتی ہے۔

بل کے تحت ارکان اسمبلی استحقاق ایکٹ کے کلازز کا صحافیوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔ استحقاق ایکٹ کے تحت بیورو کریسی معزز ارکان اور ایوان کا استحقاق مجروح کرنے پر جوابدہ ہو گی۔ اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی اس حوالے سے شکایت کا جائزہ لے کر ایکٹ کے تحت تجویز کردہ سزا دے سکے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے بل کی منظوری پر کہا کہ پنجاب اسمبلی کی گیلری میں بیٹھے لوگ ہمارے اسکرین شارٹ لے رہے ہیں۔ انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ جو اسکرین شارٹ لے رہا ہے اسے پکڑ لیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کوئی غلطی فہمی میں نہ رہے تحفظ استحقاق بل قانون بن چکا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اب بل گورنر کے پاس نہیں بھیجیں گے۔ اب بل کا گزٹ نوٹی فکیشن اسمبلی جاری کرے گی اور وہ قانون بن جائے گا۔