بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال ،زمین سونا اگلنے والی اور لوگ محنتی ہیں:صدر عارف علوی

President Arif Alvi,Pakistan,Balochistan,

کوئٹہ: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان سونا اگلنے والی سرزمین ہے اور لوگ محنتی ہیں یہاں زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ قلت آب کا سدباب بھی ضروری ہے جس کے لئے احتیاط اور بہتر حکمت عملی کی تشکیل ضروری ہے ۔

 صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جبکہ لائیو اسٹاک میں مجموعی ملکی پیداوار میں ایک بڑا حصہ دار ہے، افزائش مال مویشی اور زراعت پیغمبروں کے پیشے ہیں اور یہ دونوں پیشے انسانی تاریخی سے وابستہ ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ انسانی آبادی بڑھی تو زراعت کی ترویج و ترقی کے لئے بھی جدید طریقے سامنے آئے اور ترقی کا یہ تسلسل وقت کے ساتھ جاری ہے۔ دور حاضر میں اسپرے ایریگشن، واٹر چینل اور ڈرپ ایریگیسن کے ذریعے جدید طریقوں سے زرعی ترقی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویتنام کا کوسٹل ایریا بلوچستان سے بھی  چھوٹا ہے اور ابتدائی طور پر  فشریز کے شعبے میں پاکستان اور ویتنام کی ایکسپورٹ تین سے چار سو ملین ڈالر تھی۔ ویتنام نے افزائش فشریز پر بہتر حکمت عملی اور یکسوئی سے کام کیا اور آج وہ اپنی ایکسپورٹ کو تین سو ملین ڈالر سے 10 بلین ڈالر تک لیکر گئے ہیں۔ لائیو اسٹاک کو ترقی دیکر ایک بڑا زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے صرف چین سالانہ 70 ارب ڈالر کا حلال گوشت امپورٹ کرتا ہے۔ پاکستان کے بعض علاقوں میں جانوروں میں پائی جانے والی کھر اور منہ کی بیماری پر قابو پاکر حلال گوشت کی ایکسپورٹ کو غیر معمولی بڑھایا جاسکتا ہے۔ 

عارف علوی نے کہا بلوچستان کی ترقی کے لئے یہاں کے منتخب اراکین اسمبلی کو درست سمت میں فیصلے کرکے پائیدار ترقی کے تسلسل کے لئے اپنا متحرک کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلو چستان کے معدنی وسائل سے متعلق غلط فیصلے کئے گئے تاہم موجودہ حکومت بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور امید ہے ماضی کے یہ معاملات جلد حل کرلئے جائیں گے۔ 

صدر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان سے دلی محبت ہے اور ہر دفعہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر آبی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ بلوچستان حکومت اس اہم مسئلے پر پوری سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔