ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ وزیر قانون کی خواہش پر تبدیل ہوا: فواد چوہدری

ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ وزیر قانون کی خواہش پر تبدیل ہوا: فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور سندھ کے ممبر کے خلاف ریفرنس فائل ہو چکا ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ وزیر قانون کی خواہش پر تبدیل کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جو کارنامہ سرانجام دیا اس سے حکومت بہت خوش ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کل حکومتی اتحاد نے 12 پریس کانفرنسز کیں، آج صبح سے بھی پریس کانفرنسز کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتہائی عجلت میں وہی فیصلہ دیا جس کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں مطالبہ کیا تھا۔ 
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے باہر بڑے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ آئین اور قانون سے ماورا ہے جبکہ فیصلے سے قبل پی ڈی ایم قیادت نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور خود توہین عدالت کی۔الیکشن کمیشن کو اختیار ہی نہیں کہ حکومت کو ریفرنس بھجوائے، پہلے فیصلہ کچھ اور تھا پھر وزیر قانون کی خواہش پر تبدیل کیا گیا۔ 
فواد چوہدری نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور سندھ کے ممبر کے خلاف ریفرنس فائل ہوچکا ہے، وہ کیسے فیصلے پر دستخط کر سکتے ہیں؟ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے۔ فواد چوہدری نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی پر پابندی لگانا آپ کے بس میں نہیں ہے۔ 

مصنف کے بارے میں