سر کے بالوں سے لے کر گھر کی تمام اشیا کو ہرا رکھنے والی امریکی خاتون مصور

نیویارک: ایلزبتھ ایٹن روزینتھل ایک مصورہ ہیں اور انہیں ایلزبتھ سویٹ ہارٹ بھی کہا جاتا ہے ان کے نزدیک سبز رنگ دنیا کا مسحورکن اور مثبت رنگ ہے اور اسی لیے وہ سر سے پیر تک سبز رنگ کے کئی شیڈز پہنے رکھتی ہیں۔

سر کے بالوں سے لے کر گھر کی تمام اشیا کو ہرا رکھنے والی امریکی خاتون مصور

بروکلن، نیویارک: ایلزبتھ ایٹن روزینتھل ایک مصورہ ہیں اور انہیں ایلزبتھ سویٹ ہارٹ بھی کہا جاتا ہے ان کے نزدیک سبز رنگ دنیا کا مسحورکن اور مثبت رنگ ہے اور اسی لیے وہ سر سے پیر تک سبز رنگ کے کئی شیڈز پہنے رکھتی ہیں۔

امریکی خاتون مصور ایلزبتھ نے اپنے بالوں کو ہرے رنگ میں رنگ دیا ہے، وہ سبز اشیا خریدتی ہیں اور اپنے فرنیچر کو بھی سبز رنگ کے مختلف شیڈز دے رکھے ہیں۔ ایلزبتھ  کی پیدائش ایک بہت سرسبز علاقے نووا اسکوٹیا میں ہوئی اور سرسبز ماحول کو دیکھ کر انہیں بہت سکون ملتا تھا۔ ایلزبتھ کے خیال میں سبز رنگ ان کے روزمرہ مسائل حل کرنے میں مدد دیتا ہے اوراب وہ سبز رنگ کے علاوہ کسی اور رنگ کو پہننے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتیں۔

ایلزبتھ کے نزدیک سبز رنگ سکون اور خوشی کی علامت ہے۔ صبح کو بیدار ہوکر ہرا رنگ پہننے پر انہیں عجیب خوشی محسوس ہوتی ہے۔ لوگ جب 75 سالہ ایلزبتھ کے گھر آتے ہیں تو سبز رنگوں میں ڈوبا ان کا گھر دیکھ کر بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔

ایلزبتھ کے شوہر کا کہنا ہےکہ جب وہ اپنی بیگم کے ساتھ باہر نکلتے ہیں تو لوگ انہیں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور نوجوان ان کی تصاویر کھینچتے ہیں۔ ایلزبتھ کی الماری میں سبز شیڈز کے 30 جوڑے رکھے ہیں۔ اگر کسی کپڑے کا رنگ سبز نہیں تو وہ اسے رنگ دیتی ہیں اور ہر صبح ایک برتن پر بھی ہرا رنگ چڑھادیتی ہیں۔

گھر کے پردے، تکیوں کے غلاف، برتن، کرسیاں اور صابن تک کا رنگ سبز ہے اور ان کے مطابق وہ ہرروز مزید توانا ہوتی جارہی ہیں اور انہیں سبز رنگ ایک قوت فراہم کرتا ہے۔