ویمنز ایشیا کپ: پاکستان فائنل میں، کل بھارت سے ٹاکرا ہوگا

ویمنز ایشیا کپ: پاکستان فائنل میں، کل بھارت سے ٹاکرا ہوگا

بنکاک: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سابق کپتان ثنا میر کی شاندار باولنگ کی بدولت تھائی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل کل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

بنکاک میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں تھائی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بینٹگ کا فیصلہ کیا جس کو پاکستانی باولرز نے غلط ثابت کردیا۔ ثنامیر کی تباہ کن باولنگ کے سامنے تھائی کھلاڑی ریت کی دیوار ثابت ہوئیں اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 51 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

  

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی ڈرامائی تھا اور پہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئیں۔ بسمہ معروف 13 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئیں تاہم اسماویہ اقبال اور نداڈار نے بالترتیب 24 اور 14 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرنے میں بنیادی کردار اداکیا۔

ثنا میر بیٹنگ میں اپنے جوہر دکھانے میں ناکام ہوئی تاہم نین عابدی 4 اور جویریہ خان ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 12 اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔ ثنا میر کو شاندار باولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فائنل کل روایتی حریفوں کے درمیان کھیلا جائے گا۔