عام انتخابات سے پہلے مسلم لیگ ن میں نئی صف بندی کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا گیا

عام انتخابات سے پہلے مسلم لیگ ن میں نئی صف بندی کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا گیا

اسلام آباد: عام انتخابات سے پہلے مسلم لیگ ن میں نئی صف بندی کا عمل شروع ہو گیا۔ پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سنٹرل ورکنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ جس کےنئے ممبران میں مریم نواز ، حمزہ شہباز، مریم اور نگزیب اور عرفان صدیقی شامل ہیں ۔ نوازشریف دونوں کمیٹیوں کے صدر ہوں گے ۔پارٹی صدر نے دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ترجمان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر آصف کرمانی نے 27 رکنی مرکزی مجلس عاملہ کے نام جاری کئے تھے۔ جن میں راجہ ظفرالحق، شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف، چوہدری نثار، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، ایاز صادق، احسن اقبال ، سعد رفیق، مریم نواز، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کے نام شامل ہیں۔ نواب ثناء اللہ زہری، فاروق حیدر، حافظ حفیظ الرحمان ،پرویز رشید، برجیس طاہر، مہتاب احمد، بیگم عشرت اشرف، مشاہد اللہ، امیر مقام، بابو سرفراز خان جتوئی ،اسد خان جونیجو، عرفان صدیقی، چوہدری شیر علی اور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان میں شامل ہیں۔

جبکہ 109 ارکان پرمشتمل سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق ہوں گے۔اقبال ظفرجھگڑا پارٹی کے سیکرٹری جنرل جبکہ احسن اقبال کے حصے میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا عہدہ آیا۔پارٹی کا خزانہ سینیٹر پرویزرشید کے حوالے  کر دیا گیا جبکہ سلیم ضیاءنائب صدر کے فرائض سرانجام دیں گے۔اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کے علاوہ پارٹی کے تنظیمی امورپربھی مشاورت کی جائے گی۔