فوج کو سیاست میں نہیں آنا چاہئے،خواجہ سعد رفیق

فوج کو سیاست میں نہیں آنا چاہئے،خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ افواج کا کردار سلامتی کے لئے ہونا چاہئے سیاست میں دلچسپی نہیں لینی چاہئے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے عدلیہ بحالی تحریک کے لئے اس لئے مارنہیں کھائی تھی کہ وہ غلط فیصلے کرے، چیف جسٹس کی بحالی کے بعد ہم نے سوچا کہ عدلیہ آزاد ہوگئی ہے.

لیکن پھر ہمارے ہی خلاف فیصلے آنا شروع ہوگئے اورعوام کے منتخب وزیراعظم کو نااہل  قرار دے دیا گیا، عوام کو اس طرح کے فیصلے قبول نہیں، 16 وزرائے اعظم کو الزام لگا کر نکالا گیا ہر بار وزیراعظم ہی غلط ہوتا ہے، کسی دوسرے ادارے کے سربراہ کو کیوں نہیں نکالا جاتا، پرویزمشرف کااحتساب کیوں نہیں ہوتا، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے سے تحقیقات کیوں نہیں کی جارہیں۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ چند لوگ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتے، اسی لئے ہم نے عدالتی نااہلی کے باوجود نوازشریف کو اپنا صدر بنایا جس پر ہمیں فخر ہے۔  ملک میں آج بھی جمہوریت مکمل طور پر بحال نہیں اور سیاست بھی آزادی سے نہیں کرنے دی جارہی، اگر سیاست نہیں ہوگی تو ملک کی سالمیت اور آزادی پر سمجھوتے ہوں گے، ہمیں عدل پر فیصلوں و اتحاد جب کہ نظریہ ضرورت کو دفن کرنے کی ضرورت ہے۔