فیصلہ کن ٹیسٹ ،پاکستانی باﺅلروں نے نیوزی لینڈ کے 4 کھلاڑی 73 رنز پر آﺅٹ کردیئے

فیصلہ کن ٹیسٹ ،پاکستانی باﺅلروں نے نیوزی لینڈ کے 4 کھلاڑی 73 رنز پر آﺅٹ کردیئے

ابو ظہبی:آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی باﺅلروں نے ایک مرتبہ پھر زبردست باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے روز کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کے 73 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں کیویز کی بیٹنگ جاری ہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ٹام لیتھم اور جیت راول نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں ہی ٹام لیتھم کو پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 4 رنز ہی بناسکے۔


بعد ازاں دبئی ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے پہلے روز ہی بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے اور کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے بازوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔


محمد عباس کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ محمد عباس فٹ نہیں لہذا آفریدی ٹیسٹ میچ کھیلیں گے جب کہ ابوظہبی کی پچ بیٹنگ کے لئے سازگار دکھائی دیتی ہے۔


دوسری جانب کیوی کپتان کین ولیم سن کا کہنا ہے کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہتر ہے اس لیے پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نیل ویگنز کی جگہ ٹم ساﺅتھی اور ایش سوڈھی کی جگہ 34 سالہ اسپنر ویل سمروائیل کو شامل کیا گیا ہے۔


خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔