دسمبر میں شدید سردی کی لہر آنے کا امکان، محکمہ موسمیات

دسمبر میں شدید سردی کی لہر آنے کا امکان، محکمہ موسمیات
کیپشن: دسمبر میں مغربی ہواؤں کے تین سے چار سلسلے آئیں گے، محکمہ موسمیات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: محکمہ موسمیات نے دسمبر کے تیسرے اور چوتھے ہفتے میں سردی کی شدید لہر آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محمکمہ موسمیات نے ماہ دسمبر میں موسم کا آؤٹ لُک جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ملک کے مغربی اور شمالی حصوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جب کہ جنوبی حصوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دسمبر میں مغربی ہواؤں کے تین سے چار سلسلے آئیں گے جن کی وجہ سے ملک کے مغربی، وسطی اور شمالی حصوں میں درمیانی بارش ہوں گی تاہم دوسرا اور چوتھا ہفتہ زیادہ نم آلود رہے گا۔

شمالی علاقہ جات کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شمالی بلوچستان، کشمیر اور دیگر شمالی علاقہ جات میں برفباری کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا۔

جنوبی حصوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جب کہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں ہلکی اور شدید دھند پڑنے کا امکان بھی ہے تاہم بارشوں سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کی شدت کم ہو جائے گی۔