بھارت افغان سرزمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر

India uses Afghan territory to target C-Pak: DG ISPR

راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرزمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے،سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے،ہم افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، ایک باقاعدہ میکنزم موجودہے جبکہ ہمارے چینی پارٹنرزسی پیک منصوبے کی سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔


تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ انشا اللہ سی پیک ہرروز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا،بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں،بھارت سی پیک پر کام کرنیوالی چینی افرادی قوت اورمقامی لیبرکو نشانہ بناتاہے،ان خطرات کیخلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے اور چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں۔


میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ سی پیک کی سکیورٹی کیلئے خاص طور پردو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے ، اس کے علاوہ آٹھ نوریگولررجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں,ہمیں خطے کی صورتحال کو نارملائز کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم نے کہا تھا بھارت ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو بڑھائیں گے،بھارت کی کوشش رہی ہےجدوجہد آزادی مقبوضہ کشمیرکونام نہاد پاکستانی مداخلت سے جوڑے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کیلئےبھارت ایل اوسی پرسیزفائرکی خلاف ورزیاں کرتا ہے،بھارت فالس فلیگ آپریشنز اور ایسے ڈرامے رچاتا ہے، ناگوروٹا واقعہ میں بھارت کچھ نیا نہیں کر رہا،یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسا بھارت گزشتہ فالس فلیگ آپریشنز میں کرتا آیا ہے،ناگوروٹا میں کیا ہوا، کیا بھارت نے دنیا سے کوئی انفارمیشن شیئر کی؟۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جو کچھ ہوتا بھارت ہمیشہ اس کا انکاری رہا ہے،مقبوضہ کشمیرمیں مکمل طور پرخود مختار جدوجہد آزادی ہے،جوستر سال سے جاری ہے،یہ ممکن نہیں کہ سرحد پار سے جا کر ایسے واقعات ہوں جبکہ پاکستان ہمیشہ حالات نارمل کرنا چاہتا ہے۔