وسیم اکرم سے مشکل بالر کا سامنا نہیں کیا، کمار سنگا کارا

وسیم اکرم سے مشکل بالر کا سامنا نہیں کیا، کمار سنگا کارا

کولمبو: سری لنکا کے سابق کپتان و وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے عظیم وسیم اکرم کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل بالر قرار دیا ہے۔ سابق کپتان ایک انتہائی ذہین بالر تھے۔ انتہائی خوش قسمت ہوں کہ میں نے اپنے ہم وطن بالرز متیاہ مرلی دھرن اور چمندا واس کا سامنا نہیں کیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں عظیم سری لنکن بیٹسمین نے کہا کہ میں نے چند مواقعوں پر ہی وسیم اکرم کا سامنا کیا لیکن ان کا سامنا کرنا انتہائی مشکل تھا. وہ ایک انتہائی ذہین بالر تھے۔ اگر آپ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی ترین بالرز کی فہرست دیکھیں تو اس میں وسیم اکرم ابتدائی فہرست میں حیران کن طور پر کہیں نظر نہیں آتے لیکن آپ دنیا کے جس بیٹسمین سے بھی پوچھیں گے. وہ ان کا نام ضرور لے گا۔سنگاکارا نے کہا کہ وسیم اکرم بلا کے ذہین تھے لیکن میں انتہائی خوش قسمت ہوں کہ میں نے اپنے ہم وطن بالرز متیاہ مرلی دھرن اور چمندا واس کا سامنا نہیں کیا، وہ دونوں بھی عمدہ بالرز تھے۔انہوں نے عظیم آسٹریلین لیگ اسپنر شین وارن، انگلش اسپنر گریم سوان اور بھارت کے ظہیر خان کو بھی انتہائی مشکل بالر قرار دیا۔ 2000 میں ڈیبیو کرانے والے کمار سنگاکارا نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں طرز کی کرکٹ میں 12ہزار سے زائد رنز بنائے جہاں ان کی اوسط بالترتیب 57.14 اور 42 کی رہی۔

2015 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سنگاکارا نے جب کرکٹ شروع کی تو وسیم اکرم کے کیریئر کا اختتام قریب تھا اور دونوں کھلاڑی ون ڈے میچوں میں کل نو مرتبہ آمنے سامنے آئے لیکن اس میں بھی تین مرتبہ وسیم اکرم سری لنکن کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔جن میچوں میں انہوں نے وسیم اکرم کا سامنا کیا ان میں ان کی اوسط 11.75 کی رہی حالانکہ ان کے کیریئر کی اوسط 42 رہی۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ وسیم اکرم کو کسی بیٹسمین نے سب سے مشکل قرار دیا ہو بلکہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہرالدین اور وی وی ایس لکشمن بھی انہیں سب سے مشکل بالر کے خطاب سے نواز چکے ہیں۔