جرمنی میں لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی

 جرمنی میں لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی

برلن: جرمنی کی مقامی عدالت نے مقامی جوڑے کی شکایت پر مسجد میں لاوڈ  اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی عائد کر  دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ کے نواحی قصبے اوہر ایرکنشویک میں واقع مسجد میں لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔ مسجد سے 600 میٹر دور رہنے والے 69 سالہ ہانس یوآخم لیہمان نے اپنی بیوی کے ہمراہ مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ اذان میں الفاظ کے ذریعے عقائد کا اظہار کیا جاتا ہے اور اذان سننے والے کو نماز میں شرکت کے لیے مجبور کیا جاتا ہے، بالخصوص جمعے کے روز لاوڈ  اسپیکر پر دی جانے والی اذان ان کے مسیحی عقائد اور مذہبی آزادی کے منافی ہے۔

مقامی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکام نے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسجد میں لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت دی لہذا عدالت لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی عائد کرتی ہے تاہم مسجد میں اذان دینے کی اجازت کے لئے دوبارہ درخواست بھی دی جاسکتی ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کے اس مقف کی تردید کی کہ اذان ان کی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔