جنوبی افریقا نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو  7 رنز سے شکست دی

جنوبی افریقا نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو  7 رنز سے شکست دی
فوٹو بشکریہ:ٹوئیٹر

جوہانسبرگ: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد  7 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔ 


تفصیلات کے مطابق،دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز سکور کیے۔ بابر  اعظم کے شاندار 90 رنز بھی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے ۔ 

اوپنر بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 41 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، فخر زمان 9 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 58 گیندوں پر 90 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔حسین طلعت نے 65 رنز کی شاندار انگز کھیلی ۔ 

اس سے قبل  پاکستانی ٹیم کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 188 رنز بنائے، کپتان ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5  چھکے اور چار چوکے شامل تھے جب کہ وینڈرڈوسن نے 45 اور ملان نے 33 رنز بنائے، ہینڈرکس نے 28 اور کلاسن نے 5 رنز کی باری کھیلی۔