مہاتیر محمد کا کشمیر پر موقف قابل تعریف ہے : فردوس عاشق اعوان

مہاتیر محمد کا کشمیر پر موقف قابل تعریف ہے : فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر موقف ان کے انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا، منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین فروغ پاتے دو طرفہ مضبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہاکہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔پاکستان اور ملائیشیا میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے  وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید تقویت ملے گی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں قائدین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنا وژن دیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ملائیشیا کی قیادت کو آگاہ کریں گے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا کا مظلوم کشمیریوں کے منصفانہ حق استصواب رائے کے لیے آواز بلند کرنا لائق تحسین ہے