جیف بیزوس کا اہم فیصلہ، اپنی کمپنی ایمزون کی سربراہی سے دستبردار

Jeff Bezos's decision to step down as head of Amazon
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس نے اپنی کمپنی ایمزون کی سربراہی سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے یہ اطلاع ای میل کے ذریعے اپنے لاکھوں ملازمین کو دی۔

جیف بیزوس کی جانب سے کی گئی ای میل میں انہوں نے اپنے ملازمین پر واضح کیا کہ وہ صرف کمپنی کی سربراہی سے دستبردار ہو رہے ہیں لیکن ریٹائرمنٹ نہیں لے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی زندگی کا یہ اہم فیصلہ انہوں نے اس لئے کیا ہے تا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی اور خلائی تحقیق کے حوالے سے اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس کی جانب سے ڈے ون فنڈ، بیزوس ارتھ فنڈ، بلیو اوریجن، دی واشنگٹن پوسٹ اور دیگر فنڈز قائم کئے گئے ہیں۔ 

ماضی پر نظر دوڑائی جائے تو جیف بیزوس نے اپنی سابقہ اہلیہ میکنزی بیزوس کیساتھ مل کر 1994ء میں اپنی کمپنی ایمزون قائم کی تھی۔ ایک چھوٹے سے کمرے سے شروعات کرنے والی اس کمپنی کے اثاثوں کی مالیت ایک اعشاریہ سات ٹریلین ڈالرز جبکہ جیف بیزوس دنیا کے سب سے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔

خبریں ہیں کہ اینڈی جیسی کو اب ایمزون کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ 53 سالہ جیسی کو ان کے ملازمین ''شارک'' کے نام سے پکارتے ہیں۔

جیسی اینڈی گزشتہ 24 سالوں سے ایمزون کمپنی کیساتھ وابستہ ہیں۔ جیف بیزوس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اب ایگزیکٹو کی کرسی سنبھالیں گے تاکہ اپنے مستقبل کے منصوبوں پر مکمل غور وفکر کر سکیں۔