پی ایس ایل 6، شایقین کو اسٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

پی ایس ایل 6، شایقین کو اسٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

کراچی : پی ایس ایل چھے  میں شایقین کو اسٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی مشروط  اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

   

تفصیلا ت کے مطابق پی سی بی حکام کا کہناہے کہ  پاکستان سپر لیگ چھ میں 25 فیصد شائقین اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے ۔

ذرائع  کے مطابق  شائقین کی اسٹیڈیم آمد کے لیے ایس او پیز اور قواعد وضوابط طے کئے جارہے ہیں  ،پی سی بی حکام شائقین کی آمد کے حوالے سے ایس او پیز تیارکرکے حکومت کو بھجوائیں گے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں حالات انتہائی خراب رہے ہیں ، عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان ویران ہوگئے تھے ۔ تاہم عالمی وبا کی پہلی لہرکے بعد کئی ممالک میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا گیا ۔ 

کورونا کی دوسری لہر میں اب تک دنیا کے بیشتر ممالک میں شائقین کو کھیلوں کے مقابلے دیکھنے پر پابندی عائد ہے ۔ تاہم اب مخصوص طریقہ کار کے تحت اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے شائقین کو کھیلوں کے میدان میں لانے کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ 

پی ایس ایل چھ میں ممکنہ طورپر میدان میں کھلاڑیوں کو داد دینےکے لیے شائقین کی مخصوص تعداد ضرور موجود ہوگی ۔