شاہد آفریدی آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ 

شاہد آفریدی آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں آج 10 واں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا جو رات ساڑھے سات بجے شروع ہو گا جبکہ شائقین کرکٹ یہ جاننے کیلئے بے تاب ہیں کہ شاہد آفریدی آج کا میچ کھیلیں گے یا نہیں۔ 
ذرائع کے مطابق شاہد خان آفریدی کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے اور قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکواڈ جوائن کر چکے ہیں اور پریکٹس سیشن میں حصہ بھی لے رہے ہیں جبکہ وہ سلیکشن کیلئے بھی دستیاب ہیں تاہم انہیں ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے میچ سے کچھ دیر قبل کی جائے گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے ایک میچ میں کامیاب ملی اور دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2 پوائنٹس کیساتھ یہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے لہٰذا قوی امکان ہے کہ ناصرف شاہد خان آفریدی آج کا میچ کھیلیں گے بلکہ انگلینڈ کے جارح مزاج بلے باز جیمز وینس بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 
انگلش کرکٹر جیمز وینس نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گزشتہ روز ناصرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکواڈ جوائن کر لیا تھا بلکہ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی بھرپور حصہ لیا اور وہ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ 
واضح رہے کہ جیمز وینس پاکستان آنے سے قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور قرنطینہ اختیار کیا تھا اور پی ایس ایل کے کوویڈ ایس او پیز کے تحت ایسے کھلاڑیوں کو پاکستان پہنچنے پر مزید قرنطینہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ کورونا وائرس کا صرف ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں ہی وہ سکواڈ میں شامل ہو جاتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں