چند آسٹریلین کھلاڑی دورہ پاکستان پر تحفظات کا شکار

چند آسٹریلین کھلاڑی دورہ پاکستان پر تحفظات کا شکار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کینبرا: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی سیکیورٹی مسائل کے باعث دورہ پاکستان کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں تاہم کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) پرامید ہے کہ وہ زیادہ تر سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ پاکستان بھیجنے میں کامیاب رہے گا جبکہ اس دورے کے حوالے سے آج منظوری ملنے کا امکان ہے۔ 
آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کومنز نے تصدیق کی ہے کہ زیادہ تر کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے تیار ہیں تاہم کچھ اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔ پیٹ کومنز نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم تقریباً تمام سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم اس حوالے سے اب بھی کچھ کام باقی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بہت سی مثبت معلومات وصول ہوئی ہیں اور دورہ پاکستان سے پہلے سیکیورٹی اور بائیو سیکیورٹی کے معاملات پر اطمینان کا اظہار خوش آئند ہے۔ تاہم اب بھی کچھ کھلاڑی پاکستان جانے سے قبل مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر درحقیقت تمام کھلاڑی پرجوش اور پرسکون محسوس کر رہے ہیں، اگر کوئی کھلاڑی اس دورے سے انکار کرتا ہے تو ہم اس کے فیصلے کا احترام کریں گے۔ 
دوسری جانب آسٹریلین میڈیا کا کہنا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم تقریباً تین ہفتوں تک پاکستان کیلئے روانہ ہو گی جہاں 3 مارچ سے پہلا ٹیسٹ میچ کراچی میں شیڈول ہے جبکہ مجموعی طور پر دورے کے دوران تین ٹیسٹ میچز، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جانا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں