کویت میں کم سن بچی کے قاتل والدین کو سزائے موت کا حکم

کویت میں کم سن بچی کے قاتل والدین کو سزائے موت کا حکم

کویت سٹی :کویت میں ایک عدالت نے ایک جوڑے کو اپنی تین سالہ بچی کو اذیتیں دے کر قتل کرنے کے جرم میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے۔غیرملکی خبرررساں ادارے کے مطابق استغاثہ نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ قاتل ماں باپ دونوں کویتی ہیں۔
انھیں مئی میں اپنی بچی کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔وہ اپنی بچی کو اس دم توڑنے تک مارتے پیٹتے رہے تھے اور پھر انھوں نے اس کی لاش کو ایک ہفتے تک فریزر میں چھپائے رکھا تھا۔
کویتی وزارت داخلہ کے مطابق بچی کے کندھوں اور ٹانگوں پر جلنے کے زخم پائے گئے تھے۔اس کے بعد پولیس نے چھبیس سالہ باپ سالم بوہان اور تیئیس سالہ والدہ عامرہ حسین کے خلاف قتل کی فرد الزام عاید کی تھی اور پھر ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا تھا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ یہ دونوں میاں بیوی نشے کے عادی تھے۔ماتحت عدالت نے انھیں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے لیکن یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے۔دونوں مجرمان اپیل عدالت اور سپریم کورٹ میں اس سزا کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کویت میں سزائے موت کے مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جاتا۔اس خلیجی ریاست میں 2007ءسے پھانسی کی سزا پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے اور اس وقت دسیوں مجرم پھانسی کے منتظر ہیں۔