قدر نہ کی گئی تو پاکستان بھی تعاون پر نظرثانی کر سکتا ہے، ملیحہ لودھی

قدر نہ کی گئی تو پاکستان بھی تعاون پر نظرثانی کر سکتا ہے، ملیحہ لودھی

لاہور: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی مندوب نکی ہیلے کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا قدر نہیں کرے گا تو پاکستان بھی تعاون پر نظرثانی کرسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے واشنگٹن سے تعلقات کسی قسم کی امداد کی وجہ سے نہیں بلکہ ہمارے قومی مفادات اور اصولوں پر مبنی ہیں۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا عالمی دہشت گردی کے خلاف ہم نے سب سے زیادہ تعاون اور قربانیاں دی ہیں اور پوری دنیا کے مقابلے میں سب سے بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا امریکا اپنی غلطیوں اور ناکامی کا الزام دوسروں پر نہ ڈالے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلے نے کہا تھا کہ امریکا پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امداد روکنے کا تعلق فلسطین پر قرارداد سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو پناہ دینے سے ہے۔

انہوں نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان کئی سال ڈبل گیم کھیلتارہا جو امریکا کے لیے ناقابل قبول ہے وہ ہمارے ساتھ کام بھی کرتے ہیں لیکن دوسری طرف دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں جو افغانستان میں ہمارے فوجیوں پر حملے کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے کہیں زیادہ تعاون چاہتے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں