وزیراعلیٰ کے مشیر پرنس احمد علی احمد زئی نے بھی استعفیٰ دیدیا

وزیراعلیٰ کے مشیر پرنس احمد علی احمد زئی نے بھی استعفیٰ دیدیا

کوئٹہ: عام انتخابات سے قبل بلوچستان اسمبلی شدید بحران کا شکار ہے جہاں ایک جانب وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں پیش کر دی گئی وہیں وزیروں نے بھی استعفے جمع کرانا شروع کر دیے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کے مشیر پرنس احمد علی احمد زئی نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان کو بھجوا دیا جب کہ ان سے قبل وزیر ماہی گیری میر سرفراز چاکر ڈومکی نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے صوبائی وزیرداخلہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں کے بعد میر سرفراز بگٹی نے بذریعہ ٹوئٹ بتایا تھا کہ وہ اپنا استعفیٰ گورنر کو بھجوا چکے ہیں اور انہیں عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف گزشتہ روز رکن اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور سید آغا رضا کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی جس پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں