امریکا پاکستان کو طعنے دینے کے بجائے اس کے کردار کی تعریف کرے، احسن اقبال

امریکا پاکستان کو طعنے دینے کے بجائے اس کے کردار کی تعریف کرے، احسن اقبال

اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلوچستان میں آج تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے کیونکہ امن اور ترقی کا ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست واسطہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا جمہوریت میں مظاہرے کا حق ہے لیکن انتشار پھیلانے کا لائسنس نہیں دے سکتے۔ پولیس کو یقینی بنانا ہے کہ آئندہ کوئی پاکستان کی اندرونی سلامتی سے نہ کھیل سکے کیونکہ ملک کو پرامن بنانے اور انتشار سے بچانے کیلئے سمجھ داری سے کام کرنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا آئین میں قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کا حکم بھی ہے۔ پاکستان کے امن سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں کہا روس کے ساتھ جنگ کے بعد لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان آئے اور ہم نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کیا اس کے علاوہ امریکا کا ساتھ دے کر ہمیں دہشتگردی، منشیات سمیت دیگر مسائل ملے۔ امریکا میں تو شام سے کسی ایک مہاجر کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

احسن اقبال نے کہا افغانستان سے روس کے انخلا کے بعد امریکا ہاتھ جھاڑ کر روانہ ہو گیا اور امریکا نے افغانستان میں ہتھیاروں کے انبار چھوڑے تاہم امریکا کے بکھیرے ہوئے کانٹوں کوپاکستان سمیٹ رہا ہے تاہم امریکا پاکستان کو طعنے دینے کے بجائے اس کے کردار کی تعریف کرے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا پاکستان نے خطے کو دہشتگردوں سے بچانے کیلیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں