وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے

وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے
کیپشن: عمران خان آج شام 4 بجے ترکی کے شہر قونیہ پہنچیں گے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ترکی کے لیے روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نور خان ایئربیس سے ترکی کے لیے روانہ ہوئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور خسرو بختیار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ ترکی کے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق عمران خان آج شام 4 بجے ترکی کے شہر قونیہ پہنچیں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ ترکی میں مولانا رومی اور اتاترک میوزیم کا دورہ کریں گے۔ عمران خان انقرہ میں بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

عمران خان دورہ ترکی میں جمعہ کی صبح کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ وہ پاکستان میں دلچسپی کے خواہشمند ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان جمعے کو ملت مسجد جائیں گے جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ان کے اعزاز میں ترک صدر کی طرف سے استقبالیہ دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردگان سے ون آن ون ملاقات بھی ہو گی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس اور عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان عشائیہ کے بعد ترک میڈیا کو انفرادی انٹرویو بھی دیں گے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ ترکی سے واپسی جمعے کی شام کو ہوگی۔