آرمی ایکٹ ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں پیش

آرمی ایکٹ ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں پیش
کیپشن: وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے آرمی ایکٹ ترمیمی بلز قومی اسمبلی میں پیش کر دیے۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی ترمیمی ایکٹ بل 2020، پاکستان ایئر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اور پاکستان بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 قومی اسمبلی میں پیش کر دیے۔ بل پیش کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس کل 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بلز آج قومی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے اور قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھی بھیجے جائے گے جبکہ کل پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر منظور کرائے جائیں گے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا جس میں پاک افواج سے متعلق تین ایکٹس میں ترامیم کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پرویز خٹک، شبلی فراز، اعظم سواتی، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، مرتصی جاوید عباسی، نوید قمر، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف شریک ہوئے۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے کمیٹی کو قانون سازی پر بریفنگ دی۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور فیصلہ کیا گیا کہ پاک افواج سے متعلق سروسز ایکٹس ترمیمی بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے اور تینوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل ہونگے جس میں بلز کی منظوری دی جائے گی۔

آج دوپہر سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا مشترکہ اجلاس ہو گا جس میں بل پر مشاورت ہوگی اور کل پارلیمنٹ سے منظوری ہوگی۔ مروجہ طریقہ کار کے تحت بل قائمہ کمیٹی میں بھجوایا جائیگا اور کمیٹی میں اتفاق رائے کے بعد ایوان میں بل متفقہ طور پر منظور کرایا جائیگا۔