امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف سے ٹیلیفونک رابطہ

امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف سے ٹیلیفونک رابطہ
کیپشن: Image Source : Twitter

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین خطے کے امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مکمل تحمل کا مظاہرہ کریں اور تعمیری روابط قائم کریں، آرمی چیف نے افغان امن عمل کی کامیابی پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جمعہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو میں خطے کی صورتحال خاص طور پر مشرق وسطی میں کشیدگی کے حالیہ اضافے کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین خطے کے امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مکمل تحمل کا مظاہرہ کریں اور تعمیری روابط قائم کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان امن عمل کی کامیابی پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی اور ان سے عراق میں اپنے دفاع میں کی گئی کارروائی سے متعلق بات کی جس میں قاسم سلیمانی ہلاک ہوئے۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کے اقدامات خطے کے لیے عدم استحکام کا باعث ہیں تاہم امریکی مفادات، اہلکاروں اور تنصیبات سمیت امریکی اتحادیوں کے تحفظ کا ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ ایران کے اہم ترین کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی موت کے بعد ایران نے بھی بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ کئی ملکوں نے حملے کی مذمت کی ہے جن میں چین، روس، عراق، ترکی اور دیگر شامل ہیں اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔