مچھ میں مزدوروں کا قتل، وزیراعظم عمران خان کی دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

Murder of workers in Mach, Prime Minister Imran Khan strongly condemned the terrorist attack
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشتگردوں کے حملے میں کان کنوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اقدام کو بزدلانہ اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 مزدوروں کا قتل انسانیت سوز دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث قاتلوں کو پکڑ کر فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مشکل کی اس گھڑی میں قتل ہونے والے مزدوروں کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد ایک بار پھر سرگرم ہوتے ہوئے مچھ کے علاقے میں فائرنگ کرکے گیارہ کان کنوں کی جان لے لی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے کوئلہ فیلڈ کے مزدوروں کو یرغمال بنایا اور انھیں پہاڑ پر لے گئے اور فائرنگ کردی۔

اطلاع ملنے پر لیویز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوںکو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔

دوسری جانب ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مچھ میں کان کنوں پر فائرنگ دہشت گردی ہے۔ کچھ عرصے سے بلوچستان میں دہشتگردی کی لہر نظر آ رہی ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ تفتیشی ادارے ہر زاویے سے جائزہ لے رہے ہیں کہ کون عناصر اس دہشترگدی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں لیویز اہل کار سیکیورٹی کیلئے موجود رہتے ہیں۔ اطمینان بخش صورتحال تھی۔ ایسے واقعات کی توقع بہت کم تھی، تاہم علاقہ بہت بڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مچھ واقعہ سیکیورٹی میں کوتاہی کا سبب نہیں، تاہم صورتحال کاجائزہ لے کر سیکیورٹی بڑھائی جائے گی۔ ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔