ہم ایک ہیں، پی ڈی ایم کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت ہے: بلاول بھٹو زرداری

We are one, victory of PDM is victory of PPP: Bilawal Bhutto Zardari
کیپشن: فائل فوٹو

ٹھٹھہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نالائق حکمران عوام پر مسلط کر دیئے گئے، ہم سب مل کر عوام کے نمائندے منتخب کرائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات ٹھٹھہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جیت ہی دراصل پیپلز پارٹی کی جیت ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی طاقت پر بھروسہ کیا۔ حکومتی پروپگینڈے کو میڈیا میں زیادہ جگہ نہ دی جائے۔ پی ڈی ایم ان جعلی حکمرانوں کو گھر بھیج کر ہی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خالی کرسیوں سے خطاب کو انقلاب کی طرح پیش کیا جاتا تھا۔ مہنگائی کا بوجھ اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کہ نااہل وزیراعظم مسلط کیا گیا۔ پاکستان معاشی ترقی کی شرح میں بنگلا دیش سے بھی پیچھے ہے۔ تین سال ہونے کو آئے لیکن سلیکٹڈ وزیراعظم ابھی تک کہہ رہا ہے کیا میں کیا کروں؟ وزیراعظم کے پاس مسائل کاحل نہیں تو انہیں استعفا دینا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے جزیروں پر قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مشرف کے دور میں بھی اسی طرح قبضے کی کوشش کی گئی تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوام کے تعاون سے سلیکٹڈ حکومت کو ہٹا کر عوامی حکومت لائیں گے۔ حکومتی وزرا سازش کر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے۔ ہم نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشتگردوں کے ہاتھوں کان کنوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنا شروع کرے۔