سعودی عرب میں بین الاقومی پروازیں بحال کر دی گئیں

Saudi Arabia, air, land, sea routes, international passengers, pandemic, WHO

ریاض: سعودی عرب میں عالمی وبا کی دوسری لہر کی شدت کے پیش نظر سفری پابندی نافذ کی گئی تھی جسے اب مملکت نے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے فضائی اور سمندری راستے سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا سے آنے والے مسافروں کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ وہ نئے وائرس سے متاثرہ ممالک سے کم سے کم 14 دن باہر رہے ہوں۔

سعودی وزارت داخلہ نے کہا کہ ناگریر حالات اور انسانی بنیادوں پر جن افراد کو مملکت میں آنے کی اجازت دی جائے گی انہیں 14 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جس کی وجہ سے 8 کروڑ 43 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر اور تقریبا 18 لاکھ 35 ہزار 389 اموات ہو چکی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں تقریبا 5 کروڑ 96 لاکھ 41 ہزار سے زائد مریض اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ 2 کروڑ 29 لاکھ 5 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا نے سب سے زیادہ تباہی امریکا میں مچائی ہے جہاں ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ 54 ہزار 215 اموات ہو چکی ہیں اور کوئی 2 کروڑ 6 لاکھ 17 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

امریکا کے بعد بھارت میں عالمی وبا نے خوب نقصان پہنچایا ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کیسز کے اعتبار سے بھارت دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 218 اور ایک کروڑ 3 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد میں وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔