لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی، دبئی دنیا میں سرفہرست

لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی، دبئی دنیا میں سرفہرست


لاہور: لاہور کی فضائی آلودگی میں آج معمولی کمی ریکارڈ کی گئی  اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ،جبکہ محکمہ موسمیات  نے بارش کے بعد اسموگ میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی فضائی آلودگی میں آج معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، آج لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 330 ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے سے   دوسرے نمبر پر آ گیا۔جبکہ دبئی آج دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے جہاں فضائی آلودگی کی شرح  560 تک   پہنچ  گئی۔بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی  تیسرا آلودہ  ترین شہر ہے،جہاں اے کیو آئی 306 تک رہا۔
پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں بہاولپور اور رائیونڈ بھی نمایاں ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ  بارش برسانے والا سسٹم مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے جس سے لاہور ، اسلام آباد، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش متوقع ہے، بارش کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے اکثر اضلاع میں پھیلی سموگ میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 7 جنوری تک وقفے وقفے سے بارشوں کے سلسلہ شروع ہونے  کا امکان ہے۔

مغربی ہواؤں  کے داخل ہونے کے بعد  صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ سبی ،بولان ، قلات، خضدار، نصیر آباد،کوہلو اور کوہ سلیمان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ،لاڑکانہ،سکھر،جامشورو،ڈی جی خان،رحیم یار خان،بہاولپور،ملتان میں بھی بارش کا امکان ہے،لاہورمیں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ سردیوں کی پہلی بارش برس سکتی ہےجبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بھی کھل کر  بادل برسنے کا امکان ہے۔