کاروبار اور سرمایہ کاری کو مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے: وزیرِ اعظم

کاروبار اور سرمایہ کاری کو مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے: وزیرِ اعظم

اسلام آباد:  وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے،سرمایہ کاری میں رکاوٹوں کو کم سے کم کرتے جا رہے ہیں۔جبکہ چینی سرمایہ کاروں کو بھی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پاک چائنہ بزنس انویسٹمٹ فورم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری میں جو وقت لگتا ہے وہ بہت زیادہ ہے ، ایک سرمایہ کار کیلئے وقت بہت اہم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے مسائل کو حل کیا ، ملکی معیشت کو بہتر کیا پھر کورونا آگیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ چین ہمارے ساتھ ہے، ہم چینی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ معاشرے میں آگے بڑھنے کیلئے ایکسپورٹ میں اضافہ ضروری ہیں، ہمارے پاس نوجوان  ہیں صلاحیتیں ہیں لیکن آئی ٹی ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی گئی،چھوٹے ملکوں کی ایکسپورٹ بھی ہم سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سال میں آئی ٹی ایکسپورٹ دگنی ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم سرمایہ کاری بورڈ پاکستان اور آل پاکستان چائینیز انٹرپرائز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بنایا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں اضافہ اور بزنس ٹو بزنس و صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے.گزشتہ سال مارچ میں ہونے والی چین پاکستان اقتصادی راہداری بزنس کانفرنس میں 70 سے ذیادہ کمپنیوں کی شرکت کے بعد بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان میں چینی سفارتخانے اور سرمایہ کاری بورڈ کے تعاون سے بزنس فورم کی بنیاد رکھنے پر اتفاق ہوا.فورم میں 18 چینی اور 19 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ فورم کا مقصد پاکستان میں پائیدار سرمایہ کاری، برآمدی صنعتوں کی تعمیر و ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے.