اسحاق ڈار اور حسن نواز آج پاناما جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونگے

اسحاق ڈار اور حسن نواز آج پاناما جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونگے

اسلام آباد: جے آئی ٹی نے آج صبح ساڑھے 11 بجے وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کو تیسری پیشی پر طلب کر رکھا ہے جب کہ جے آئی ٹی نے آج ہی کے روز سہہ پہر 3 بجے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلب کر لیا ہے جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ جے آئی ٹی نے پہلی بار وزیر خزانہ کو تفتیش کے لیے طلب کیا ہے جب کہ مریم نواز بھی 5 جولائی کو پہلی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع سے دوبارہ پیشی پر تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا دوبارہ نہیں بلایا گیا اور تحقیقاتی ٹیم کے تمام سوالات کے جوابات دے دیئے ہیں۔ گلف اسٹیل کے بنانے اور اسکے لیے جانے والے فنڈز سے متعلق بھی جے آئی ٹی کو بتایا ہے۔

یاد رہے کہ جے آئی ٹی اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، وزیراعظم کے کزن طارق شفیع اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو طلب کر چکی ہے۔ وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز بھی 4 جولائی کو چھٹی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔