یار محمد رند الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار

یار محمد رند الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار
کیپشن: یار محمد رند نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دے دیا۔ ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کے جعلی ڈگری اور قتل کے مقدمات کے الزامات میں کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کی جس نے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔

تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پرمشتمل دو رکنی بینچ نے سردار یار محمد رند کی اپیل پر سماعت کی اور گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کا معاملہ، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا

عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ نے آج محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو برقرار رکھا اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر کو الیکشن میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ دوسری جانب سردار یار محمد رند نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائیکورٹ نے ہی پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں