غرب اردن پر اسرائیل کی خود مختاری عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،بورس جانسن

غرب اردن پر اسرائیل کی خود مختاری عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،بورس جانسن

لندن :برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے مقبوضہ مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں کو صہیونی ریاست میں شامل کرنے کے اعلان کی شدید مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن پر اسرائیل کی خود مختاری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

برطانیہ اسرائیل کے اس منصوبے کو کسی صورت میں قبول نہیں کرے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک اخبار میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ میں پوری امید کرتا ہوں کی اسرائیل غرب اردن کے الحاق کے اعلان سے دست بردار ہوجائے گا۔

اگر اسرائیلی حکومت نے الحاق کے اعلان پرعمل درآمد کردیا تو برطانیہ اسے کسی صورت میں قبول نہیں کریگا۔ برطانیہ کا   1967ء  کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے عرب علاقوں کے بارے میں موقف واضح ہے، ان علاقوں کا مستقبل فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔اسرائیل یک طرفہ طور پر فلسطینی علاقوں کے الحاق کے پروگرام پرعمل درآمد نہیں کرسکتا.

اگر اسرائیل ایسا کرتا ہے تو اسے بین الاقوامی  قانون توڑنے مترادف قرار دیا جائے گا۔اپنے مضمون میں بورس جانسن نے لکھا کہ اسرائیل کے ایک دوست کی حیثیت سے میں مشورہ دیتا ہوں کہ تل ابیب فلسطینی علاقوں کے الحاق کے پروگرام پرعمل درآمد نہ کرے۔