پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا ،تشکیل نو کررہے ہیں،زلفی بخاری

پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا ،تشکیل نو کررہے ہیں،زلفی بخاری

اسلام آباد :پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے چیئرمین زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کر رہے بلکہ تشکیل نو کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ بدانتظامی اور سیاسی تقرریوں نے پی ٹی ڈی سی کو غیر فعال اور خسارے والا ادارہ بنادیا تھا، تبدیلیوں کا مقصد پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے لیے چیخ و پکار کرنے والے جان لیں کہ اسےایک فعال ادارہ بنایا جارہا ہے، سرکاری اداروں کا راگ الاپنے والوں کا کیا دھرا ہم ٹھیک کر رہے ہیں، پی ٹی ڈی سی میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لا رہے ہیں۔

زلفی بخاری نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی میں 2011 سے 2013 تک 706 افراد سیاسی بنیاد پر بھرتی کیے گئے، سرکاری ادارے سیاسی ورکروں کی آماجگاہ بنے ہوں تو اداروں کا یہی حال ہوگا.

پی ٹی ڈی سی کا مجموعی خسارہ 65 کروڑ روپے ہوچکا ہے اور سالانہ خسارہ 30 سے 35 کروڑ روپے ہے جب کہ پی ٹی ڈی سی موٹل کا سالانہ خسارہ 25 سے 30 کروڑ روپے ہے۔