سندھ حکومت نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس پر پابندی ختم کر دی

سندھ حکومت نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس پر پابندی ختم کر دی
کیپشن: ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی، اویس شاہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ تمام مسافر گاڑیوں کو ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں مسافروں کو تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا جب کہ مسافر 50 فیصد سیٹوں پر مناسب فاصلے کے ساتھ بیٹھ سکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر کوچ، وین اور بسز میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی لازمی ہوگا اور تمام مسافر گاڑیاں سندھ حکومت کے مقرر کردہ بس اڈوں سے نکلیں گی۔اویس شاہ نے خبردار کیا کہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

انٹر سٹی بس سروس جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے تاہم صوبے سے باہر پبلک ٹرانسپورٹ کے جانے پر پابندی برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت نے بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ سروس پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم گزشتہ دنوں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ چلانے کی مشروط اجازت دی گئی تھی۔