ویکسئن لگوائیں، پورا سال مفت گوشت کھائیں، امریکی کمپنی کی آفر

ویکسئن لگوائیں، پورا سال مفت گوشت کھائیں، امریکی کمپنی کی آفر
سورس: file photo

واشنگٹن: ویکسین لگوائیے، پورا سال مفت  گوشت کھائیے۔امریکی کمپنی جے بی ایس نے کہا ہے کہ وہ ویکسین لگوانے والے 50 خاندانوں کو ایک سال تک مفت میں گوشت فراہم کرے گی۔ 

 امریکا ہو یا پاکستان، ہرجگہ ویکسین سے بھاگنے والے  افراد موجود ہوتے ہیں۔ ایک امریکی کمپنی نے عوام کو اس جانب راغب کرنے کےلیے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد ان سے ایک سال تک مفت میں گوشت حاصل کرسکیں گے۔  

امریکا میں گوشت فراہم کرنے والی مشہور کمپنی جے بی ایس ایس اے نے اعلان کیا ہے کہ ادارے نے ویکسین کی مہم شروع کی ہے۔ اس ضمن میں ویکسین لگوانے والے 50 خاندانوں کو ایک سال تک مفت گوشت فراہم کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ اس کمپنی پر پہلے شدید تنقید کی گئی تھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گوشت پیک کرنے والے اس کے ہزاروں کارکن کووڈ 19 سے بیمار ہوئے تھے۔ اس کے بعد جے بی ایس کمپنی کی ذیلی کمپنی پلگرمز پرائڈ کو بھی بند کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔ اس سے گوشت کی فراہمی بھی متاثر ہوئی تھی اور اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا تھا۔

 تاہم اب کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے 66 ہزار کارکنوں کی 70 فیصد تعداد کو ویکسین لگادی گئی تھی۔ لیکن ساتھ ہی غریب، دیہی اور پسماندہ علاقوں کے افراد کو بھی ویکسین لگوانے کی ترغیب کے طور پر مفت گوشت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔