سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سے کروڑوں روپے کمانے والوں کی فہرست جاری

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سے کروڑوں روپے کمانے والوں کی فہرست جاری
سورس: file photo

لندن: سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے کروڑوں روپے کمانے والے کو ن ہیں۔انسٹاگرام پر تشہیری مہم کے عوض پیسے کمانے والی شخصیات کی سالانہ فہرست جاری کرنے والی  ویب سائٹ “ہوپر” نے سال 2021میں سب سے  زیادہ پیسے لینے والی400 شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔ تاہم تقریباً ان 400 شخصیات میں کوئی بھی پاکستانی شخصیت شامل نہیں ہے۔

مذکورہ فہرست میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، کینیڈا، برازیل، چین، میکسیکو، انڈیا، کوریا اور انڈونیشیا کی شوبز، اسپورٹس و فیشن شخصیات شامل ہیں۔

مذکورہ فہرست میں سب سے کم پیسے لینے والے نائیجیریا کے سوشل میڈیا اسٹار ہیں جو ایک پوسٹ کو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے لیے محض 100امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 ہزار روپے تک وصول کرتا ہے۔

اسی فہرست میں سب سے زیادہ پیسے والے شخص پرتگال کے فٹ بالر ہیں جو ایک پوسٹ شیئر کرنے کے امریکی 16 لاکھ 40 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں جو پاکستانی 25 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

فہرست میں متعدد بھارتی اسٹار اور اداکار بھی شامل ہیں اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ پریانکا چوپڑا سب سے زیادہ پیسے لینے والی 30 شخصیات میں شامل ہیں۔

فہرست کے مطابق پریانکا چوپڑا سب سے زیادہ پیسے لینے والی شخصیات میں 27 ویں نمبر پر ہیں اور وہ ایک پوسٹ کے عوض 4 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 6 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد وصول کرتی ہیں۔

وہ پیسے لینے کے معاملے میں اگرچہ فلسطینی نژاد امریکی ماڈل جی جی حدید سے پیچھے ہیں تاہم وہ ان کی بہن بیلا حدید سے کئی درجے آگے ہیں۔

اسی طرح پریانکا چوپڑا انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرنے کے عوض اداکارہ ایما واٹسن، سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم، ہولی وڈ اداکار ول اسمتھ، امریکی ماڈل کرسٹی ٹیگن اور فٹ بالر محمد صالح سے بھی زیادہ پیسے لیتے ہیں۔ تاہم پریانکا چوپڑا ایک پوسٹ کے عوض بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے مقابلے تقریبا 4 کروڑ روپے کم لیتی ہیں۔

اس کے علاوہ ویرات کوہلی ایک پوسٹ کے عوض 6 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زیادہ لیتے ہیں، وہ مذکورہ فہرست میں 19 ویں نمبر پر ہیں۔

حیران کن طور پر مذکورہ فہرست میں اکشے کمار، عامرخان، سلمان خان  اور شاہ رخ خان سمیت دیپکا پڈوکون، کرینہ کپور اور کترینہ کیف جیسی اداکارائیں بھی شامل نہیں کی گئیں۔

مذکورہ فہرست کے مطابق انسٹاگرام پر ایک تشہیری پوسٹ کے سب سے زیادہ پیسے پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو وصول کرتے ہیں جو ایک پوسٹ کے عوض 25 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کرتے ہیں۔

فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پر اداکار ڈیوائن جانسن ہیں جو ایک پوسٹ کے 15 لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 24 کروڑ روپے سے زائد وصول کرتے ہیں۔

اسی فہرست میں تیسرے نمبر پر گلوکارہ آریانا گرانڈے ہیں جو ایک پوسٹ کے 23 کروڑ 80 لاکھ روپے لیتی ہیں جب کہ چوتھے نمبر پر ماڈل کایلی جینر ہیں جو دو سال قبل سے زیادہ پیسے لینے والی شخصیت تھیں۔

کایلی جینر ایک پوسٹ کے عوض 23 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں جب کہ پانچویں نمبر پر گلوکارہ سلینا گومز ہیں جو ایک پوسٹ کے عوض 23 کروڑ 22 لاکھ روپے لیتی ہیں۔