میڈیکل کالجز میں داخلوں کے نئے رولز کیخلاف درخواست، پی ایم سی سے جواب طلب

میڈیکل کالجز میں داخلوں کے نئے رولز کیخلاف درخواست، پی ایم سی سے جواب طلب
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے نئے رولز کے خلاف  پامی کی درخواست   پر ابتدائی سماعت کا  تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالت عالیہ نے اہم قانونی معاملے پر معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔  پاکستان میڈیکل کمیشن اور دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کرتے  ہوئے  دو ہفتے میں جواب  مانگا گیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ پاکستان میڈیکل کمیشن اور دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کرکے دو ہفتے میں جواب جمع  کرانے کا حکم دے دیا۔

 پاکستان میڈیکل کمیشن کو نئی ریگولیشنز پر عمل درآمد سے روکنے کی درخواست میں بھی نوٹس جاری کردیا۔ درخواست میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل انڈر گریجویٹ ایجوکیشن (ایڈمیشن، کریکولم اینڈ کنڈکٹ) ریگولیشن 2021 کو چیلنج کیا گیا۔

 پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ 2020 کے تحت یہ ریگولیشن بنائی گئی ہیں۔ پٹشنر کے وکیل کے مطابق ریگولیشن آرٹیکل 18 کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

 حکم نامے میں کہا گیا کہ پٹشنر وکیل کے مطابق یہ ریگولیشنز قومی سطح پر ایجوکیشنل کرائسسز پیدا کر سکتی ہیں۔ درخواست پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی ایسوسی ایشن ( پامی) کی جانب سے دائر کی گئی۔