بن لادن آپریشن کا ماسٹر مائینڈ سی آئی اے میں ایرانی امور کا نگران مقرر

بن لادن آپریشن کا ماسٹر مائینڈ سی آئی اے میں ایرانی امور کا نگران مقرر

واشنگٹن: غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکل ڈی انڈریا المعروف آیت اللہ مائیک القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا وسیع اور طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان اور یمن میں القاعدہ کے خلاف ہونے والے متعدد آپریشنز میں ’سی آئی اے‘ کی طرف سے اہم خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے آپریشن کی کی کمان کر چکے ہیں۔


ادھر امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈی انڈریا کی ایرانی امور کے انچارج کے عہدے پر تعیناتی کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں سیاسی حکومت بدلنا چاہتے ہیں۔ مائیکل ڈی انڈریا کی ایرانی امور کے نگران کے عہدے پر تعیناتی غیر معمولی فیصلہ ہے۔ اب ایران میں سی آئی اے کے تمام آپریشنز کی نگرانی وہی کریں گے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق ڈی انڈریا کو 2006 میں ’سی آئی اے‘ میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں رات کی تاریکی میں اسامہ بن لادن کے مبینہ ٹھکانے پر یکم مئی 2011 کو آپریشن براہ راست انڈریا کی نگرانی میں کیا گیا۔

اس سے قبل لبنانی حزب اللہ کے بیرون ملک آپریشنل کارروائیوں کے انچارج عماد مغنیہ کو 12 فروری 2008 کو دمشق میں کار بم دھماکے میں ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی بھی انڈریا نے کی تھی۔ اس کارروائی میں ’سی آئی اے‘ اور اسرائیلی خفیہ ادارے موساد نے مشترکہ طور پر حصہ لیا تھا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں