نان فائلر کو گاڑی کی لیز پر 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس دینا ہو گا

نان فائلر کو گاڑی کی لیز پر 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس دینا ہو گا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بینکوں، لیزنگ کمپنیوں، نان بینکنگ فنانشنل انسٹی ٹیوشنز، مضاربہ و ڈیولپمنٹ فنانسنگ انسٹی ٹیوشنز کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے نان فائلرز کو گاڑیوں کی لیزنگ پر 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

یہ ٹیکس گاڑی کی مجموعی قیمت پر وصول کیا جائے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فنانس بل 2017 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 231 بی کی ذیلی شق 1 اے میں ترمیم تجویز کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی لیزنگ کمپنی ہو یا شیڈول بینک ہو، انویسٹمنٹ بینک یا مضاربہ و ڈیولپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشن یا نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشن نان فائلر کو گاڑی لیز پر دیتے وقت 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کرے گا خواہ نان فائلرز کو لیز کی جانے والی گاڑی شریعہ کمپلائنٹ موڈ میں ہو یا کنونشنل موڈ میں ہو اس پر یہ ٹیکس کٹوتی کرنا ہو گی۔

مذکورہ ترمیمی شق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر لیزنگ اجارہ کی صورت میں بھی کی جاتی ہے تو بھی گاڑی کی مجموعی قیمت پر 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کرنا ہو گا۔ بینک نان فائلرز کو گاڑیوں کی لیز پر یہ 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کر کے ایف بی آر کو جمع کرائے گا۔

علاوہ ازیں فنانس بل 2017 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس  2001میں ایک نئی شق 236X شامل کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ بلواسطہ اور بلاواسطہ تمباکو پر سیس وصول کرتے وقت تمباکو خریدنے والے سگریٹ مینوفیکچررز سمیت تمباکو کے دیگر خریداروں سے تمباکو کی مجموعی قیمت پر 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کرے گا .

پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی جانب سے سگریٹ مینوفیکچررز سمیت تمباکو کے خریدار کسی بھی شخص سے وصول کیا جانے والا یہ 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس قابل ایڈجسٹ ہو گا جسے ٹیکس دہندگان اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کراتے وقت اپنے ذمے واجب الادا ٹیکسوں کے ساتھ ایڈجسٹ کرا سکیں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں