مریم اورنگزیب اور ان کے خاندان کیخلاف گردش کرنیوالی خبریں جھوٹی نکلیں

مریم اورنگزیب اور ان کے خاندان کیخلاف گردش کرنیوالی خبریں جھوٹی نکلیں

لاہور: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور ان کے خاندان کے حوالے سے خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ وہ اور ان کا خاندان بغیر کسی محنت کے آج اس مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اگر مریم اورنگزیب کے خاندان کے بارے میں تاریخی اعتبار سے دیکھا جائے تو بہت سی چیزیں واضح ہو جاتی ہیں کہ ان کا خاندان وسیع سیاسی پس منظر رکھتا ہے۔

مریم اورنگزیب کے نانا سید محمد شاہ ملتان کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیت تھے۔ تقسیم ھند سے قبل ایک کاٹن فیکٹری میں جنرل مینیجر تھے قیام پاکستان کے بعد اسی کاروبار سے وابستہ ھو گئے اور پھر ان کی ملکیتی کاٹن جننگ فیکڑی کی شہرت جنوبی پنجاب میں پھیل گئی۔ ان کے نانا علاقے کے روایتی زمینداروں کے مقابلے میں ترق پسند سوچ رکھتے تھے اور انہوں نے علاقائی روایات کے برعکس بیٹیوں کو جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔

ان کی بیٹیوں میں سے دو نے ایم اے اور ایک نے ڈاکٹری کا امتحان پاس کیا۔ مریم اورنگزیب کی والدہ طاہرہ اورنگزیب نے پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں ایم اے کیا جاوید ھاشمی ان کے یونیورسٹی میں ھم عصر تھے۔ مریم اورنگزیب کے دادا راجہ کالا خان مرحوم مری سے تعلق رکھتے تھے وہ علاقے کے معروف زمیندار تھے اور تحریک پاکستان کے دنوں سے ہی مسلم لیگ سے وابستہ تھے۔

قاعد اعظم ان کی دعوت پر مری تشریف لے گئے اور پھر 1947 کے انتخابات میں راولپنڈی اور مری کی نشست سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ لیاقت علی خان اور دیگر مسلم لیگی رہنما متعدد مرتبہ ان کے گھر تشریف لے گئے۔

نجمہ حمید اور طاہرہ اورنگزیب نے نچلی سطح سے سیاست میں دلچسپی لینا شروع کی۔ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف نظام مصطفیٰ تحریک میں دونوں بہنیں پیش پیش تھیں۔ اس وقت راولپنڈی اقتدار کا مرکز تھا لہذا کئی اہم اجلاس ان کے گھر منعقد ہوتے تھے۔ جنرل ضیاء کے دور میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دونوں بہنیں کونسلر منتخب ہوئیں۔ 1985 کی اسمبلی میں نجمہ حمید رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئیں اور پھر وزیر اعلیٰ نواز شریف کی کابینہ کا حصہ بنیں۔

جنرل مشرف کے دور اقتدار میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی رہنما شیخ رشید، اعجاز الحق، راجہ بشارت وغیرہ ق لیگ میں شامل ھو گئے لیکن یہ خاندان آمریت کا مقابلہ کرتا رہا۔ طاہرہ اورنگزیب 2008 میں قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں جبکہ ان کی بیٹی مریم اورنگزیب قاعد اعظم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ بعد ازاں کنگز کالج لندن سے بھی ماحولیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

مریم اورنگزیب 2013 کے عام انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ 31 اکتوبر 2016 میں وزیراعظم نواز شریف نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا تھا ۔ اس کے علاوہ مریم اورنگزیب پارلیمانی سیکریٹری برائے داخلہ کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں