جنوبی افریقہ نے لنکا ڈھا دی ، 96 رنز سے شکست

جنوبی افریقہ نے لنکا ڈھا دی ، 96 رنز سے شکست

اوول : جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے آئی سی سی کے تیسرے میچ میں سری لنکا  کو 96 رنز سےشکست کا سامنا کرنا پڑا ۔جنوبی افریقہ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم صرف 203  رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل ہاشم آملہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت افریقہ نے لنکا کو اچھا ٹارگٹ دیا ۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نِروشان ڈِک ویلا اور اوپُل تھرانگا نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 69 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم پھر ڈک ویلا 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔سری لنکا کی دوسری وکٹ 94 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوسَل مینڈس 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔دنیش چندیمل 12 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔117 کے مجموعے پر چمارا کَپوگیدرا بغیر کوئی رن بنائے عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان اوپل تھرانگا بھی 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے۔چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کوسل پریرا نے کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کی لیکن دوسری طرف سے وکٹیں گرنے کے باعث ان کے 44 رنز بھی کسی کام نہ آئے۔دیگر کھلاڑی آسیلا گونارتنے 4، سیکوگے پرسننا 13، سرانگا لکمل صفر، لاستھ ملنگا ایک اور نووان پرادیپ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی جبکہ کرس مورس 2، کَگیسو ربادا اور مورنے مورکل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان اوپُل تھرانگا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور اسے پہلی وکٹ کا نقصان 44 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب ڈی کوک 23 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد فاف ڈوپلیسی کریز پر آئے جنہوں نے ہاشم آملہ کا خوب ساتھ نبھایا اور دونوں کے درمیان 145 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔فاف ڈوپلیسی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 گیندوں میں 75 رنز بنائے۔جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بناکر سیکوگے پرسننا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ مِلر تھے جو 18 بنانے کے بعد 226 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ہاشم آملہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 115 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 103 رنز اسکور کیے، وہ 232 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جے پی ڈومینی اور کرس مورِس نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 20 کے انفرادی اسکور پر کرس مورس بھی رن آؤٹ ہوگئے۔اننگز کے اختتام پر جے پی ڈومینی 38 اور وائن پارنیل 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

سری لنکا کی جانب سے نووان پرادیپ نے 2 جبکہ سیکوگے پرسننا اور سُرانگا لکمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں