کورونا کے بڑھتے کیسز، وفاقی حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی پر غور

کورونا کے بڑھتے کیسز، وفاقی حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی پر غور
کیپشن: پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا سے بچانے کے لئے ضابطہ اخلاق پرعمل کرانے کی تلقین کی جائے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پراجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا سے بچانے کے لئے ضابطہ اخلاق پرعمل کرانے کی تلقین کی جائے گی۔ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کوایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کرے گی۔

 سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کو ایس اوپیز پر عملدرآمد کی تلقین کی جائے گی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن سخت کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے ملک میں کورونا کیسزکی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ایک ماہ میں مصدقہ مریض دگنے سے زائد ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس دن بدن تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔آج سامنے آنے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز 82 ہزار 287 ہوگئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1717 تک پہنچ گئی ہے۔