شہباز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا، شبلی فراز

شہباز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا، شبلی فراز
شہباز شریف کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں، شبلی فراز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے اور انھیں کسی بھی وقت پکڑا جا سکتا ہے۔


فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جب نیب کا وارنٹ جاتا ہے تو شہباز شریف بھاگ جاتے ہیں۔ عدالت سے سٹے ملے تو ایسے نکلتے ہیں جیسے کشمیر فتح کیا ہو۔

شبلی فراز نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔ ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچاس روپے کے سٹام پیپر پر جانیوالے کی ضمانت شہباز شریف نے دی۔ نواز شریف لندن میں ہشاش بشاش پھر رہے ہیں۔ ان کے پاس جب اقتدار نہیں ہوتا تو ملک سے چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کئی حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ تصویر کا مقصد بھائی کو ڈرانا تھا کہ نواز شریف کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ انہوں نے معیشت کو چاٹ لیا اور اداروں کو تباہ کیا لیکن ڈھنڈورا پیٹتے ہیں کہ انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف وراثتی پارٹی نہیں اور اب عمران خان اس گند کا صفایا کرے گا۔ اپوزیشن چاہتی ہے احتساب رک جائے۔ کورونا کے پیچھے چھپنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ یہ عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ پوری قوم ان کو پہچان چکی اور اب ان کا کوئی مستقل نہیں ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن پر عملدرآمد سختی سے کرایا جائے گا۔